محبوب نگر کانگریس دفتر میں ڈی سی سی صدر سنجیو مدیراج اور ٹی پی سی سی جنرل سیکریٹری اے پی متھن ریڈی کے ہاتھوں پرچم کشائی

محبوب نگر کانگریس دفتر میں ڈی سی سی صدر سنجیو مدیراج اور ٹی پی سی سی جنرل سیکریٹری اے پی متھن ریڈی کے ہاتھوں پرچم کشائی
ملک کے 80 ویں یومِ آزادی کے پُرمسرت اور تاریخی موقع پر ضلع ہیڈکوارٹر محبوب نگر کے کانگریس پارٹی دفتر میں یومِ آزادی کی تقریب انتہائی جوش و خروش، روایتی وقار اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منعقد کی گئی۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے قائدین، عوامی نمائندوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے آزادی کا جشن منایا۔
تقریب کے دوران ڈی سی سی صدر سنجیو مدیراج کے ہمراہ ٹی پی سی سی ریاستی جنرل سیکریٹری اے پی متھن ریڈی نے باضابطہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے فوراً بعد تمام قائدین و کارکنان نے مل کر قومی ترانہ پڑھتے ہوئے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مجاہدینِ آزادی کی تصاویر پر گلہائے عقیدت نچھاور کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ آج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں وہ مجاہدینِ آزادی کی بے مثال اور ان تھک قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے تحریکِ آزادی میں قائدین کے تاریخی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے آئین کے تحفظ، جمہوری اقدار کی بقا اور عوامی خدمت کے مشن کو پوری لگن کے ساتھ آگے بڑھائیں۔
اس پُروقار تقریب میں کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین، عوامی نمائندے، مختلف شعبہ جات کے صدور، یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی (NSUI)، مہیلا کانگریس کی قائدات اور بڑی تعداد میں سرگرم کارکنان موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ایک دوسرے کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی گئی۔



