سرکاری ہاسپٹل سے ڈھائی سالہ بچہ کا خاتون نے اغواکرلیا۔ تلنگانہ کے نظام آباد میں واقعہ

نظام آباد: ریاست تلنگانہ ضلع نظام آباد کے سرکاری ہاسپٹل میں ڈھائی سالہ بچے کے اغوا کے واقعے سے سنسنی پھیل گئی۔ علاج کے لیے والدین کے ساتھ ہاسپٹل آنے والا بچہ اسپتال کے احاطے میں اکیلا کھیل رہا تھا کہ ایک نامعلوم خاتون نے اسے اغوا کرلیا۔
خاتون کے بچے کو اپنے ساتھ لے جانے کے مناظر ہاسپٹل میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئے۔نظام آباد 1 ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاوز آفیسر رگھوپتی کے مطابق بالکنڈہ منڈل سے تعلق رکھنے والے نوین اور ان کی بیوی ہفتہ کی صبح اپنے دو بیٹوں، چار سالہ بڑے بیٹے اور دو سالہ چھوٹے بیٹے ویدانشو کو علاج کے لیے نظام آباد گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل لے کر آئے تھے۔
والدین اسپتال کے اندر موجود تھے جبکہ دونوں بچے ہاسپٹل کے احاطے میں ایک جانب کھیل رہے تھے۔اسی دوران ایک نامعلوم خاتون نے دونوں بچوں کو دیکھا اور ان کا ہاتھ پکڑ کر اپنے ساتھ لے جانے لگی۔ تاہم بڑا بچہ خاتون کے چنگل سے اپنا ہاتھ چھڑا کر واپس والدین کے پاس پہنچ گیا جبکہ خاتون نے چھوٹے بچے ویدانشو کو اپنے ساتھ لے گئی۔بڑے بیٹے نے والدین کو بتایا کہ کوئی خاتون اس کے چھوٹے بھائی کو لے گئی۔
یہ سنتے ہی والدین گھبرا کر ہاسپٹل کے احاطے میں پہنچے لیکن وہاں بچہ موجود نہیں تھا۔ وہ روتے ہوئے اسپتال کے اطراف میں بچے کو تلاش کرتے رہے تاہم اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔واقعے کے فوراً بعد متاثرہ والدین نے ڈائل 100 پر فون کرکے پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او رگھوپتی اپنی ٹیم کے ہمراہ ہاسپٹل پہنچے اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔پولیس نے ہاسپٹل میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا تو ایک خاتون بچے ویدانشو کو اپنے ساتھ لے جاتی ہوئی نظر آئی۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزم خاتون کی شناخت اور بچے کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔



