جرائم و حادثات

کام کاج نہ کرنے والے بیٹے کو باپ نے بے دردی سے قتل کر دیا، پچھتاوے میں خود بھی پھانسی لگا کر جان دے دی

حیدراباد : آندھرا پردیش کے مارکاپورم ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کام نہ کرنے اور بے روزگار رہنے پر برہم ایک باپ نے اپنے 24 سالہ بیٹے کو کرکٹ بیٹ سے حملہ کرکے ہلاک کر دیا۔ بیٹے کو مردہ سمجھنے کے بعد باپ اپنی حرکت پر پشیمان ہو گیا اور گھر کے اندر جا کر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ شام کو مزدوری سے واپس آنے والی والدہ نے بیٹے کو خون میں لت پت اور بعد ازاں شوہر کو پھندے سے لٹکا ہوا پایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 

پولیس کے مطابق 55 سالہ پٹھان سالار پہلے ممبئی کی ایک کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، مگر بیماری کے باعث گھر پر ہی رہتا تھا، جبکہ اس کی اہلیہ صابرہ مزدوری کرکے گھر کا خرچ چلاتی تھی۔ ان کا 24 سالہ بیٹا جاوید دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد فوج میں ملازمت کی کوششوں میں ناکام رہا اور گزشتہ تین برس سے بے روزگار تھا۔

 

منگل کی دوپہر جاوید گھر کے صحن میں چارپائی پر لیٹا ہوا تھا۔ یہ دیکھ کر پٹھان کو غصہ آگیا اور اس نے قریب پڑے کرکٹ بیاٹ سے بیٹے کے سر پر حملہ کر دیا، جس سے جاوید کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ بے ہوش ہوگیا۔

 

بیٹے کو مردہ سمجھ کر پشیمانی میں مبتلا پٹھان نے گھر کے اندر جا کر پنکھے سے پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ شام کو جب صابرہ کام سے واپس آئیں تو بیٹے کو خون میں لت پت پایا۔ مقامی افراد نے اسے فوری طور پر سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بعد ازاں گھر کے اندر پٹھان کی بھی پھندا لگی نعش برآمد ہوئی۔

 

پولیس نے دونوں نعشوں  کو پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button