حیدرآباد میں 4 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے خاتون عہدیدار گرفتار

حیدرآباد: جی ایچ ایم سی کی ٹاؤن پلاننگ عہدیدار سنیات کو اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے عہدیداروں نے 4 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ وہ مہدی پٹنم جی ایچ ایم سی دفتر میں ٹاؤن پلاننگ سپروائزر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
اے سی بی عہدیداروں کے مطابق سونیتا نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک تعمیراتی کام کی اجازت دینے کے لیے 8 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔ انہوں نے تعمیر کنندہ کو مستقبل میں بھی تعاون کرنے کا یقین دلایا تھا۔متاثرہ شخص نے اس معاملے کی اطلاع اے سی بی کو دی۔
اس کے بعد عہدیداروں نے منصوبہ بندی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے سونیتا کو خیریت آباد زونل دفتر کے باہر اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ 4 لاکھ روپے رشوت وصول کرکے اپنی کار میں رکھوا رہی تھیں۔اے سی بی کی کارروائی کے دوران سنیتا کے پاس موجود 2.50 لاکھ روپے کی ایسی نقد رقم بھی برآمد ہوئی
جس کا حساب سرکاری ریکارڈ میں درج نہیں تھا۔ اے سی بی نے مجموعی طور پر 6.50 لاکھ روپے نقد ضبط کیے اور سنیتا کو گرفتارکرلیا۔




