کریم نگر ضلع میں ایک ہی روز دو اے ٹی ایمز میں چوری – گیس کٹر سے مشینیں کاٹ کر نقدی لوٹ لی – ایک خاتون بھی شامل
کریم نگر – تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں نامعلوم افراد نے ایک ہی روز دو مختلف اے ٹی ایمز کو نشانہ بناتے ہوئے نقدی لوٹ لی۔ دودیڈا اور تِمّاپور میں واقع اے ٹی ایمز کو گیس کٹر کی مدد سے توڑ کر رقم لے جانے کی اطلاعات ہیں۔ واردات کی تصاویر سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی ہیں۔
دودیڈا میں واردات کے دوران دو افراد نے سی سی ٹی وی کیمروں پر اسپرے چھڑک کر انہیں ناکارہ بنانے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق، ان میں ایک خاتون بھی شامل ہونے کا شبہ ہے۔ ملزمین نے سر پر ٹوپیاں، آنکھوں پر چشمے اور چہروں پر نقاب پہن رکھا تھا۔
کریم نگر رورل پولیس کے مطابق دودیڈا میں واقع ایس بی آئی اے ٹی ایم کو گیس کٹر سے کاٹ کر رقم لوٹی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی صبح تقریباً 3 بجے ملزمین ایک اسکروپیو گاڑی میں پہنچے اور گیس کٹر سے اے ٹی ایم مشین کو توڑنے کے بعد نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر کریم نگر رورل پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کردی۔ اے ٹی ایم سے کتنی رقم لوٹی گئی اور واردات میں ملوث افراد کون ہیں، اس بارے میں پولیس تحقیقات جاری ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمین کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔



