نابالغ طالبہ کے ساتھ نازیبا حرکت — ایک اسکول کی خاتون اسپیشل افیسر کو پوکسو عدالت سے 5 سال جیل

حیدراباد – آندھرپردیش کے پرکاشم ضلع کے اونگول پوکسو عدالت نے ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ غیر فطری اور نازیبا حرکات کرنے والی کے جی بی وی اسکول کی خاتون اسپیشل افسر کو 5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ پوکسو عدالت کی جج کے شائلجا نے منگل کو یہ فیصلہ سنایا۔
کیس کی تفصیلات کے مطابق ملزمہ لڑکی کو ڈرا دھمکا کر اپنے کمرے میں لے جاتی اور اس کے ساتھ فحش حرکات کرتی تھی۔ لڑکی کے رونے پر اسے مارا پیٹا جاتا اور فحش ویڈیوز دکھا کر ذہنی اذیت دی جاتی تھی۔
متاثرہ لڑکی نے ہراسانی سے تنگ آکر اپنے گھر والوں کو واقعہ سے آگاہ کیا، جس کے بعد 26 جون 2018 کو مری پیوڑی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات مکمل کیں اور ملزمہ کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔
سماعت کے دوران جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزمہ کو پانچ سال جیل اور 25 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ ساتھ ہی ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کو ہدایت دی گئی کہ متاثرہ لڑکی کو حکومت کی جانب سے 22 ہزار روپے معاوضہ فراہم کیا جائے۔



