سعودی عرب کے دمام ایئرپورٹ پر حوثیوں کا میزائل حملہ، ریاض ایئرپورٹ پر بھی دوسری مرتبہ حملہ، ایک شخص ہلاک
حیدراباد – 12اکتوبر ( اردو لیکس ڈیسک) سعودی عرب کے دمام میں واقع شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کی نصف شب حوثی باغیوں نے میزائلوں سے حملہ کیا۔ حملے میں ہوئے نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ایرپورٹ پر بھی دوسری مرتبہ حملہ کیا گیا، جس میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔ دمام ایئرپورٹ ریاض سے تقریباً 410 کلومیٹر دور خلیج عرب کے ساحل پر واقع ایک اہم صنعتی شہر میں ہے اور یہ ایک اہم فضائی مرکز بھی ہے۔
سعودی ایئرپورٹس کا رخ نہ کریں: حوثیوں کی وارننگ
حوثیوں نے مسافروں اور طیاروں کو سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کا رخ نہ کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک سعودی عرب ان کے خلاف حملے بند نہیں کرتا، وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے سعودی عرب میں مزید سنگین حالات پیدا ہونے کا انتباہ بھی دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ سعودی عرب اور حوثیوں کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا اور حوثی مکمل طور پر آزادانہ طور پر فیصلے کرتے ہیں۔ سعودی عرب پر حملوں کے لیے ایران کی حوصلہ افزائی کے الزامات کے درمیان ان کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔
ترکی نے ریاض ایئرپورٹ پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دیا اور حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ ترکی نے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔ دوسری جانب برطانیہ نے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی ضروری ہونے پر ہی سعودی عرب کا سفر کریں اور خصوصاً جدہ، دمام اور مدینہ ایئرپورٹس جانے کے معاملے میں احتیاط برتیں۔




