این آر آئی

وطن واپس ہوے تلنگانہ تارکین وطن کی فلاح و بہبودکو یقینی بنایا جائے گا، ریاستی وزیر ملا ریڈی نے دیا تیقن

خلیجی ممالک میں زندگی گذار رہے تلنگانہ ریاست کے تارکین وطن کے مسائل کی یکسوئی اور وطن واپس ہوے خلیجی مما لک کے این آر آئیز کی دشواریوں کو دور کرنے میں تلنگانہ حکومت سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں مناسب اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا ۔ اِن خیالات کا اِظہار ریاستی وزیر لیبر و چیرمین تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی سی ایچ ملا ریڈی نے انٹرنیشنل جرنلسٹس فریٹرنٹی فورم آئی جے ایف ایف کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

 

آئی جے ایف ایف فورم کے وفد میں جناب سید خلیل اللہ اسٹیٹ انفارمیشن کمشنر ، چیف پیاٹرن سید امیر اللہ حسینی، ڈاکٹر محمد اشرف پریسیڈنٹ آئی جے ایف ایف سعودی عرب چیاپٹر،جناب ڈی ایس ریڈی پریسیڈنٹ اوورسیز میان پاور ریکروٹرز اسوسی ایشن، ڈاکٹر محمد آصف علی گلوبل پریسیڈنٹ آئی جے ایف ایف،جناب باسط ابو معاذ جوائنٹ سکریٹری آئی جے ایف ایف سعودی عرب چیاپٹر، محمد افتخار احمد این آر آئی اور ڈاکٹر مختار احمد فردین کوآرڈینیٹر آئی جے ایف ایف شامل تھے ۔ وفد نے اس موقع پر ریاستی وزیر ملا ریڈی کو فورم کی نمائندگی بھی حوالے کی جس میں خلیجی ممالک میں مقیم این آر آئیز کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اُن ممالک میں تلنگانہ این آر آئی سیل اور شکایتی سیل کا قیام، خلیجی ممالک سے واپس ہوے این آر آئیز کو ہیلت انشورنس کی سہولت اور ہیلت کارڈ کی اجرائی،کارپوریشن یا بینک سے سبسیڈی پر قرض کی فراہمی، واپس ہونے والے طلبہ کے لئے سی بی ایس سی نصاب پر مشتمل سرکاری اسکولس کی کشادگی اور داخلہ و دیگر گذارشات شامل ہیں ۔

 

واضح رہے کہ حال ہی میں منعقدہ این آر آئیز میٹ میں فورم نے مذ کورہ اُمور پر تلنگانہ حکومت بالخصوص متعلقہ وزیر سے نمائندگی کا اعلان کیا تھا ۔ ریاستی وزیر لیبر و چیرمین تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی سی ایچ ملا ریڈی نے تیقن دیا کہ وہ اِن مسائل کی یکسوئی کے لئے اقدامات کو یقینی بنائنگے نیز وہ از خود خلیجی ممالک کا دورہ کرتے ہوے وہاں تلنگانہ کے تارکین وطن اور نمائندہ تنظیموں سے ملاقات کرینگے ۔ مذکورہ وفد نے چیف پیاٹرن سید امیر اللہ حسینی کی قیادت میں ریاستی وزیر ملاریڈی کو تہنیت اور مومنٹو بھی پیش کیا ۔

 

وفد میں شامل تمام اراکین کا جناب باسط ابو معاذ جوائنٹ سکریٹری آئی جے ایف ایف سعودی عرب چیاپٹر نے شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button