فلائی دبئی طیارے کو ہائی جیک کرنے والے کی شناخت ہوگئی، 29 سالہ عمانی شہری حمام الحماّمی نکلا
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کے طیارہ کے ہندوستانی پائلٹ پر مبینہ حملہ کرکے طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش کرنے والے کو عمانی شہری 29 سالہ حمام الحماّمی کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ یو اے ای حکام اس واقعہ کی دہشت گردی کے زاویہ سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حمام الحماّمی نے کاک پٹ میں بھارتی پائلٹ اسمتھ مچھار پر ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والی کلہاڑی سے حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی۔ تاہم پائلٹ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاک پٹ کا دروازہ کھولا، جس کے بعد مسافروں نے کو پائلٹ کو قابو کرلیا اور طیارے کو بحفاظت سعودی عرب میں اتارا گیا۔
حمام الحماّمی یو اے ای میں پیدا ہوا۔ اس کے والد عمانی اور والدہ شامی شہری ہیں۔ اس نے برطانیہ کی بکھنگھم شائر نیو یونیورسٹی سے ایوی ایشن مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کی
وہ 2018 میں عمان کے ایوی ایشن شعبہ سے وابستہ ہوا اور 2022 میں عمان ایئر کا کو پائلٹ بنا، تاہم 2024 میں مبینہ انتہا پسندانہ نظریات سامنے آنے کے بعد اسے پروازیں چلانے سے ہٹا کر دوسری ذمہ داری دے دی گئی۔ بعد ازاں اس نے رائل ایئر مراکش میں کام کیا اور فروری 2026 میں فلائی دبئی میں شامل ہوا۔
یو اے ای کے اٹارنی جنرل حمد سیف الشمسی کے مطابق حملے کا مقصد طیارے کا کنٹرول حاصل کرنا تھا اور واقعہ میں کسی دہشت گردانہ مقصد کے امکان کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حملے کے دوران زخمی ہونے والے پائلٹ اسمتھ مچھار کا یو اے ای کے ہاسپٹل میں علاج جاری ہے اور ان کی حالت میں بہتری بتائی گئی ہے۔
بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ سمیت کئی اہم شخصیات اور بالی ووڈ اداکاروں نے پائلٹ کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔



