کینیڈا میں جبری وصولی اور تشدد کے معاملہ میں 5 ہندوستانی گرفتار

ٹورنٹو: کینیڈا کے حکام نے جبری وصولی اور تشدد کے مختلف واقعات کے سلسلہ میں پانچ ہندوستانیوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار افراد میں شامل سنکیت سنگلا کو بھارت سے کینیڈا لایا گیا اور ٹورنٹو ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق، لینگلی میں ایک آٹو ڈیلرشپ کے شریک مالکان نے گزشتہ سال رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (RCMP) سے شکایت کی تھی کہ کچھ افراد ان سے زبردستی رقم وصول کر رہے ہیں۔ اس شکایت کے بعد سے پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی تھی۔
پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ ملزمین نے متاثرین کے گھروں اور املاک کو آگ لگانے کے ساتھ ساتھ ان پر فائرنگ بھی کی۔ مختلف ممالک میں کی گئی تحقیقات کے دوران پولیس نے ایک گروہ کا سراغ لگایا، جو جبری وصولی، غیر قانونی سرگرمیوں اور اسمگلنگ جیسے جرائم میں ملوث تھا۔
تحقیقات میں سنکیت سنگلا کے اس گروہ میں اہم کردار ادا کرنے کا انکشاف ہوا، جس کے بعد امیگریشن حکام کی مدد سے اسے یکم اکتوبر کو گرفتار کیا گیا۔ دیگر ملزمان کو سرے اور اوٹاوا سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے بعض ہتھیار اور منشیات بھی برآمد کی ہیں۔




