پانچ دن میں دو بار زچگی، چار بچوں کی پیدائش — اتر پردیش کی خاتون نے ڈاکٹروں کو بھی حیران کر دیا

لکھنو – اتر پردیش کے مراد آباد سے ایک حیران کن اور نایاب طبی واقعہ سامنے آیا ہے جس نے ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔ سنبھل کی رہنے والی ایک خاتون نے صرف پانچ دن کے اندر چار بچوں کو جنم دیا، جبکہ سب سے چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ چاروں بچوں کی پیدائش نارمل ڈلیوری کے ذریعہ ہوئی۔ اور تمام نومولود صحت مند ہیں
میڈیکل ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے کیس انتہائی نایاب ہوتے ہیں اور عام طور پر ایسے معاملات میں آپریشن کیا جاتا ہے، تاہم اس خاتون کی دونوں مرتبہ نارمل ڈلیوری ہوئی جسے ڈاکٹروں نے ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا ہے۔
اس انوکھے واقعہ کی ویڈیو اور خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں لوگ مختلف انداز میں حیرت اور خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ اتر پردیش کے سنبھل ضلع کے اووری گاؤں میں پیش آیا۔ 31 سالہ امینہ کے حمل کے دوران ڈاکٹروں نے جانچ میں پایا کہ ان کے رحم میں چار بچے موجود ہیں۔ ڈاکٹروں نے زچگی کے خطرات کے پیش نظر بچوں کی تعداد کم کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم امینہ اور ان کے خاندان نے چاروں بچوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
مرادآباد کے لودھی پور علاقے میں واقع تیرتھنکر مہاویر یونیورسٹی اسپتال کے ڈاکٹروں نے حمل کے تیسرے مہینے سے ہی امینہ کی صحت کی مسلسل نگرانی کی۔ ڈاکٹر شبھرا اگروال کی قیادت میں خصوصی میڈیکل ٹیم نے زچگی تک ان کی طبی دیکھ بھال کی۔
8 مئی کو امینہ کو زچگی کا درد شروع ہوا اور 9 مئی کو انہوں نے پہلے بچے کو جنم دیا۔ یہ بچہ 710 گرام وزن کے ساتھ پیدا ہوا جبکہ حمل ساڑھے چھ سے سات ماہ کے درمیان تھا، جس کے باعث ڈاکٹروں نے باقی بچوں کی پیدائش کو کچھ دنوں کیلئے مؤخر کر دیا۔
پانچ دن بعد امینہ کو دوبارہ دردِ زہ شروع ہوا، جس پر انہیں دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے مزید تین بچوں کو جنم دیا، جن میں ایک لڑکا اور دو لڑکیاں شامل ہیں۔
ڈاکٹر شبھرا اگروال کے مطابق چار بچوں کی یہ ڈلیوری انتہائی خطرناک اور پیچیدہ تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے اسپتال میں پہلی بار نارمل ڈلیوری کے ذریعے چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر نومولود بچوں کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے تاہم ماں اور چاروں بچے مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق حمل کے دوران امینہ ہائی بلڈ پریشر اور جگر سے متعلق مسائل کا بھی شکار رہیں، جس کے باعث انہیں کئی مرتبہ اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔
چار بچوں کے والد اور کرانہ دکان کے مالک محمد علیم نے کامیاب زچگی پر ڈاکٹروں اور اسپتال عملے کا شکریہ ادا کیا۔ امینہ کی بہن عمرانہ پروین نے بھی حمل سے لے کر زچگی تک ڈاکٹروں کی ٹیم کی دیکھ بھال اور تعاون کو سراہا۔




