تلنگانہ میں گنیش تہوار کے دوران13 اموات 26 زخمی

حیدرآباد: تلنگانہ کے ڈی جی پی سی وی آنند نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 روزہ گنیش تہوار کے دوران ریاست بھر میں مختلف حادثات میں 13 افراد کی جان چلی گئی جس سے شدید غم کی صورتحال پیدا ہوئی۔
وسرجن کے سکیورٹی انتظامات میں ڈیوٹی پر تعینات کوتہ گوڑم کے ایس آئی وینکنا حیدرآباد میں پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے جبکہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں پٹن چیرو کے قریب پیش آئے ایک حادثے میں 6 نوجوانوں کی موت ہوگئی۔
جمعہ کی صبح خیریت آباد گنیش کے مقام پر ایک شخص کی موت ہوئی، جبکہ نرمل میں گنیش جلوس کے دوران ایک اور شخص دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ڈی جی پی نے بتایا کہ ڈی جے کی انتہائی بلند آواز سے پیدا ہونے والی صوتی آلودگی کے باعث بھی بعض افراد کو صحت سے متعلق مسائل اور دل کا دورو پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف واقعات میں ریاست بھر میں 26 افراد زخمی ہوئے جن میں سب سے زیادہ 17 افراد ملکاجگیری پولیس کمشنریٹ کے حدود میں زخمی ہوئے۔ڈی جی پی نے کہا کہ مجموعی طور پر تمام طبقات کے باہمی تعاون اور پولیس کے مضبوط
سکیورٹی انتظامات کی بدولت گنیش وسرجن کی تقریبات پُرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئیں۔



