ووٹوں کی حذف پر دانم ناگیندر کا متنازعہ بیان، ’’ الیکشن کمیشن کا رویہ نہ بدلا تو حیدرآباد جل جائے گا‘‘
حیدرآباد کے حلقہ خیریت آباد کے سابق رکن اسمبلی دانم ناگیندر نے متنازعہ ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی حذف کے معاملہ میں الیکشن کمیشن کو اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے، بصورت دیگر الیکشن کمیشن کے دفتر کے ساتھ ساتھ حیدرآباد شہر بھی جل جائے گا۔
جمعرات کو دانم ناگیندر نے حمایت نگر ڈویژن میں سی سی روڈ کے کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کے عہدیدار بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف حمایت نگر ڈویژن میں تقریباً 20 ہزار ووٹ حذف کئے گئے ہیں۔
دانم ناگیندر نے مزید الزام لگایا کہ دہلی سے بی جے پی کے قائدین ووٹ چوری میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے میں ہر شخص کے ووٹ کا تحفظ کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ سابق رکن اسمبلی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ حذف کئے گئے ووٹوں کو فوری طور پر بحال کیا جائے، بصورت دیگر ان کی جانب سے احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔



