شمس آباد ایئرپورٹ پر انڈیگو طیارہ حادثہ سے بال بال بچ گیا – پرندہ ٹکرانے سے اگلے حصہ کو نقصان

حیدرآباد کے شمس آباد راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انڈیگو طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔ پونے سے حیدرآباد آنے والی انڈیگو کی پرواز 6E 352 سے لینڈنگ کے دوران پرندہ ٹکرانے کا شبہ ظاہر کیا گیا
۔ پائلٹ نے فوری طور پر احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے طیارے کو شمس آباد ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا، جس کے بعد مسافروں اور عملے نے راحت کی سانس لی۔
طیارے کے بحفاظت لینڈ کرنے کے بعد انجینئروں اور تکنیکی ماہرین کی ٹیم نے اس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ جانچ کے دوران طیارے کے اگلے حصے میں ڈینٹ پایا گیا۔ تکنیکی ٹیم نے تصدیق کی کہ پرندے کے ٹکرانے کے باعث طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے۔
تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتارنے کے بعد اسے مزید تفصیلی جانچ کے لیے مختص کردیا گیا۔ شیڈول کے مطابق یہی طیارہ شمس آباد ایئرپورٹ سے چندی گڑھ کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم تکنیکی خرابی اور طیارے کے اگلے حصے کو پہنچنے والے نقصان کے باعث چندی گڑھ جانے والی پرواز منسوخ کردی گئی۔
انڈیگو کے نمائندوں نے بتایا کہ متاثرہ مسافروں کو کسی پریشانی سے بچانے کے لیے متبادل پروازوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔



