بدوپل میں اراضی تحریک کے دوران کویتا گرفتار، پولیس کارروائی میں زخمی ہونے کا دعویٰ

بدوپل میں اراضی تحریک کے دوران کویتا گرفتار، پولیس کارروائی میں زخمی ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد: اپل اسمبلی حلقہ کے بدوپل میں جمعرات کے روز اراضی کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کی جانب سے شروع کی گئی "بھومی پوراٹم” (زمین تحریک) کے دوران تلنگانہ رکشنا سینا کی صدر کویتا کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر پولیس اور ٹی آر ایس کارکنوں کے درمیان شدید کشیدگی، نوک جھونک اور دھکم پیل دیکھنے میں آئی۔
اطلاعات کے مطابق کویتا جیسے ہی بودوپل پہنچ کر تحریک میں شریک ہوئیں، پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ اس دوران کارکنوں نے مزاحمت کی، جس کے باعث حالات کشیدہ ہوگئے اور پولیس نے کویتا سمیت متعدد ٹی آر ایس کارکنوں کو حراست میں لے کر بولارم پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔
عینی شاہدین اور ٹی آر ایس قائدین کے مطابق گرفتاری کے دوران شدید دھکم پیل ہوئی۔ الزام ہے کہ پولیس اہلکار جب کویتا کو زبردستی اٹھا کر لے جا رہے تھے تو وہ ان کے ہاتھوں سے پھسل کر نیچے گر گئیں، جہاں بڑے بڑے پتھر موجود تھے۔ دعویٰ کیا گیا کہ اس دوران بعض پولیس اہلکار بھی ان پر گر پڑے، جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئیں۔
مزید الزام ہے کہ زخمی ہونے کے باوجود انہیں مناسب مہلت یا طبی امداد فراہم کرنے کے بجائے دوبارہ اٹھا کر پولیس گاڑی تک لے جایا گیا، تاہم دھکم پیل کے دوران وہ گاڑی کے دروازے سے بھی ٹکرا گئیں، جس سے ان کی حالت مزید متاثر ہوئی۔



