حیدرآباد میں پراسرار زوردار دھماکہ – نہ آگ لگی نہ سلنڈر پھٹا، پھر مکان کیسے تباہ ہوا؟
حیدرآباد کے سرور نگر علاقے میں ایک پراسرار زوردار دھماکے کے نتیجے میں ریٹائرڈ بینک ملازم دیویندر کا مکان اچانک تباہ ہوگیا۔ دھماکے کی شدت سے مکان کی دیواریں، دروازے اور کھڑکیوں کے شیشے مکمل طور پر ٹوٹ گئے۔
واقعہ کے وقت افراد خاندان گھر میں موجود تھے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ دھماکے کے بعد جب گھر میں موجود گیس چولہے، تین گیس سلنڈروں، فریج، گیزر اور دیگر برقی آلات کا معائنہ کیا گیا تو وہ سب محفوظ پائے گئے، جس کے باعث دھماکے کی وجہ ایک معمہ بن گئی۔ گھر کے اندر آگ لگنے کے بھی کوئی آثار نہیں ملے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ یہ واقعہ سرور نگر پولیس حدود کے باپو نگر، روڈ نمبر 4 میں پیش آیا، جہاں ریٹائرڈ بینک ملازم دیویندر گزشتہ 24 برسوں سے اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ بتایا گیا کہ دھماکہ گھر کے باورچی خانے میں ہوا۔
سرور نگر پولیس اور حیدرا کے اہلکار موقع پر پہنچ کر ماہرین کی مدد سے مکان کی تباہی کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔




