تلنگانہ

اڈیشہ میں حیدرآباد کے چرم تاجروں کا مال لوٹنے کا واقعہ – انجمن تاجرانِ چرم، مشیرآباد کے ہمراہ بیرسٹر اویسی کی چیف سکریٹری سے ملاقات

حیدرآباد: اڈیشہ میں حیدرآباد سے مغربی بنگال کے کولکتہ روانہ کئے جانے والے کچے چرم کے ٹرکوں کو مبینہ طور پر روک کر مال اتار لئے جانے اور تاجروں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں انجمن تاجرانِ چرم، مشیرآباد کے ذمہ داران نے صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی سے ملاقات کرکے تفصیلات سے واقف کرایا۔

انجمن کے ذمہ داران نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے راستے مغربی بنگال کے کولکتہ جانے والے کچے چرم سے لدے ٹرکوں کو ریاست اڑیسہ کے گڑھاپا روڈ ریلوے اسٹیشن کے حدود میں بعض سماج دشمن عناصر مبینہ طور پر پولیس کی ملی بھگت سے روک رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ ٹرکوں سے پورا مال اتار لیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں چرم کے تاجروں کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض حیدرآبادی تاجروں کا قیمتی مال بھی مبینہ طور پر لوٹے جانے کی شکایت کی گئی۔

 

وفد نے بتایا کہ چرم کے تاجروں کا مال جائز اور ٹیکس ادا شدہ ہونے کے باوجود اسے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر روکنے، من مانی طریقے سے ضبط کرنے اور بعض معاملات میں بغیر اجازت تلف کرنے کی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ تاجروں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری مداخلت اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

بعد ازاں بیرسٹر اسد الدین اویسی نے چرم کی تجارت سے وابستہ افراد کے وفد کے ہمراہ تلنگانہ حکومت کے چیف سکریٹری سنجے جاجو سے ملاقات کی اور انہیں تاجروں کی شکایات سے واقف کراتے ہوئے یادداشت پیش کی۔ وفد نے چیف سکریٹری سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ غیر قانونی کارروائیوں کو روکا جائے اور تاجروں کے جائز مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

 

وفد میں انجمن کے صدر الحاج محمود اختر علی، محمد علی، معتمد مسجد حضرت بلال الحاج عبدالواحد، الحاج  محمد دلیر حسین، انجمن کمیونٹی ہال کے سکریٹری الحاج ڈی نظام الرحمن، الحاج یاسین قریشی، الحاج محمد صفدر علی، الحاج محمد عبدالرشید، محامد؛ عمران سمیت دیگر ذمہ داران شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button