جنرل نیوز

محبوب نگر میں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب وزیر جُوپلی کرشنا راؤ کے ہاتھوں پرچم کشائی، شاندار پریڈ اور انعامات کی تقسیم

محبوب نگر میں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب وزیر جُوپلی کرشنا راؤ کے ہاتھوں پرچم کشائی، شاندار پریڈ اور انعامات کی تقسیم

محبوب نگر (امحمد فرید صدیقی)

ضلع ہیڈکوارٹر محبوب نگر کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں یومِ آزادی کی مرکزی اور پُروقار تقریب انتہائی جوش و خروش، روایتی وقار اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے آبکاری و سیاحت جناب جُوپلی کرشنا راؤ نے بحیثیتِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور باضابطہ طور پر قومی پرچم لہرا کر پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔

 

پرچم کشائی کے بعد معزز وزیر نے ضلع کلکٹر محترمہ خوشبو گپتا (IAS) اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محترمہ ڈی۔ جانکی (IPS) کے ہمراہ ایک کھلی جیپ میں پریڈ کا معائنہ کیا اور پولیس فورس کے دستوں کی جانب سے پیش کی گئی شاندار اور باوقار سلامی قبول کی۔

 

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جناب جُوپلی کرشنا راؤ نے تمام شہریوں کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی اور ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے محبوب نگر ضلع کی ہمہ جہت ترقی، عوامی فلاحی اسکیموں، کسانوں کے بہبود اور خطے کے بنیادی ڈھانچے کے استحکام کے لیے ریاستی حکومت کے اہم اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

 

تقریب کے دوران ضلع کلکٹر محترمہ خوشبو گپتا (IAS) اور ایس پی محترمہ ڈی۔ جانکی (IPS) کی قیادت میں اعلیٰ انتظامیہ، ایڈیشنل کلکٹر، مختلف محکموں کے ڈسٹرکٹ آفیسرز اور پولیس ڈپارٹمنٹ کے افسران و اہلکاروں نے بہترین نظم و نسق کو یقینی بنایا اور پروگرام میں فعال شرکت کی۔

 

پروگرام کے اختتامی مرحلے میں سال بھر نمایاں اور بہترین خدمات انجام دینے والے محنتی پولیس اہلکاروں، سرکاری ملازمین اور مختلف شعبوں میں ممتاز کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کو معزز وزیر، ضلع کلکٹر اور ایس پی کے ہاتھوں توصیفی اسناد اور یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔ بعد ازاں مختلف اسکولوں کے طلباء نے حب الوطنی پر مبنی دلکش اور رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے، اور تقریب کا باضابطہ اختتام قومی ترانے اور شیرینی کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button