جنرل نیوز

بزرگ عالم دین مولانا عبدالرحمان خان ابو البیان حماد عمری کا سانحہ ارتحال

امیر جماعت اسلامی ہند انجینئر سید سعادت اللہ حسینی کا اظہار تعزیت

نئی دہلی (29جنوری 2023) :امیر جماعت اسلامی ہند محترم انجنیئر سید سعادت اللہ حسینی نے جامعہ دار السلام عمرآباد کے استاذ الاساتذہ اور تحریک اسلامی کے بزرگ عالم مولانا عبدالرحمان خان ابو البیان حماد عمری کے سانحہ ارتحال پر اظہار تعزیت و دعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی مرحوم کی خدمات کو قبول فرمائے اور انھیں جنت میں اعلی مقام عطا کرے۔امیر جماعت نے کہا کہ مولانا ابوالبیان حماد عمری جماعت اسلامی کی تشکیل کے زمانے میں ہی اس سے وابستہ ہوگئے تھے۔ اللہ تعالی نے مولانا مرحوم کو قلمی اور ادبی صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ انھوں نے اپنا قلم دین کی خدمت کے لیے وقف کردیا تھا۔ ان کا منظوم کلام تاثیر سے بھر پور اور دینی جذبے کو جلا بخشنے والا تھا۔ مولانا کے نثری مضامین بھی بہت سادہ اور دلنشین ہوتے تھے۔ مولانا کے وعظ بھی بہت توجہ سے سنے جاتے تھے۔ مولانا مرحوم کی پوری زندگی علم دین کی خدمت میں گزری۔ مولانا بہترین معلم اور مربی تھے۔ انھوں نے خاموشی کے ساتھ کئی نسلوں کو تیار کیا۔ ان کے تمام ہی تلامذہ انھیں اپنا مثالی استاذ اور مربی تسلیم کرتے ہیں۔محترم سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ رنج و غم کی اس گھڑی میں ہم مولانا مرحوم کے تمام اعزہ واقارب، ان کے تمام تلامذہ، اور تحریک اسلامی کے تمام افراد کی خدمت میں تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انھیں آخرت میں سرخ روئی عطا کرے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button