پوکسو کیس میں بَنڈی بھاگیرتھ کی ضمانت پر سماعت، ہائی کورٹ نے متاثرہ لڑکی کو نوٹس جاری کی

حیدراباد : تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج پوکسو کیس کے ملزم بَنڈی بھاگیرتھ کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ بھاگیرتھ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کے خلاف درج مقدمہ جھوٹا ہے اور یہ مکمل طور پر سیاسی محرکات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور وہ پولیس تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں، لہٰذا انہیں ضمانت دی جائے۔
عدالت نے کہا کہ ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کرنے سے قبل متاثرہ لڑکی کا مؤقف بھی سننا ضروری ہے، اس لیے متاثرہ فریق کو جواب (کاؤنٹر) داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نوٹس جاری کیے گئے۔ بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ ایک کمسن لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں بَنڈی بھاگیرتھ کے خلاف 8 مئی کو پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بعد ازاں مفرور بھاگیرتھ کو 16 مئی کو پولیس نے گرفتار کرکے چرلاپلی جیل منتقل کر دیا تھا۔
بعد میں انجینئرنگ امتحانات میں شرکت کے لئے میڑچل-ملکاجگیری ضلع کی میٹروپولیٹن سیشنز کورٹ نے انہیں 20 سے 24 جون تک عبوری ضمانت دی تھی۔ عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر گزشتہ جمعرات کو انہیں دوبارہ چرلاپلی جیل بھیج دیا گیا۔ اب ان کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر ہائی کورٹ پرسوں کیا فیصلہ سناتی ہے، اس پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔



