چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں بھاری انکاؤنٹر _ 28 نکسلائیٹس مارے گئے

نئی دہلی _ 4 اکتوبر ( اردولیکس ڈیسک)چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں جمعہ کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں کم از کم 28 نکسلائیٹس مارے گئے۔
بستر پولس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، یہ انکاؤنٹر دوپہر ایک بجے کے قریب نارائن پور-دنتے واڑہ بین الاضلاع سرحد پر ابوجماد کے جنگل میں اس وقت شروع ہوا جب سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نکسل مخالف آپریشن پر نکلی تھی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس سندراج نے کہا کہ انکاؤنٹر جاری ہے اور اب تک 28 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔کانکیر ضلع میں 16 اپریل کو ہونے والے انکاؤنٹر کے بعد سیکورٹی فورسز کی یہ دوسری سب سے بڑی کامیابی ہے جس میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 29 ماؤنواز مارے گئے تھے۔
ابوجماد کا جنگلاتی علاقہ مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کے درمیان کے علاقے میں پھیلا ہوا ہے اور اس کے نام کا لفظی معنی گونڈی زبان میں نامعلوم پہاڑی ہے۔ 6000 مربع کلومیٹر گھنے جنگل کا صحیح طریقے سے سروے نہیں کیا گیا ہے۔ یہ نکسلائیٹس سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے اور کہا جاتا ہے کہ سی پی آئی (ماؤسٹ) کے تقریباً ایک درجن سینئر کیڈر اب بھی وہاں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔